نئی دہلی، 10؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے چیف جسٹس کی موجودگی میں سپریم کورٹ کے انٹیگریٹیڈ مقدمہ سسٹم کے نظام کا آج آفتتاح کیا ۔اس نظام سے مدعیوں کو اعدادوشمار حاصل کرنے اور آن لائن معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور یہ سپریم کورٹ میں پیپر لیس کام کی سمت میں ایک اہم قدم ہو گا۔چیف جسٹس جگدیش سنگھ کھیہر نے اس موقع پر کہا کہ وہ تمام 24ہائی کورٹوں اور نچلی عدالتوں میں مربوط نظام شروع کرنے کی تجویز رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شفافیت آئے گی، جوڑتوڑ کم ہوگا اور مدعی کو صحیح وقت میں اپنے مقدمے کی پیش رفت کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی،نیز مرکز اور ریاستی حکومت کے ہر محکمہ کو یہ پتہ چل پائے گا کہ کیا انہیں معاملے میں فریق بنایا گیا ہے اور انہیں اسی کے مطابق تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔عدالت کی فیس اور کاروائی کی فیس کا حساب آن لائن کیا جائے گا ،جس سے مدعی کو اس میں آنے والے اخراجات کا پتہ لگ جائے گا۔جج کھیہر نے کہا کہ اس سے بار کو مدد ملے گی اور اس کی ذمہ داری نہیں بڑھے گی ۔